کارڈف، 5 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی90رنوں کی شاندار اننگ کی بدولت پاکستان نے کل یہاں پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں چار وکٹوں سے جیت درج کرکے انگلینڈ کا اپنی سرزمین پر پہلی بار ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا،حالانکہ انگلینڈ نے سیریز 4-1سے جیت لی ہے ۔اس نے پہلے بلے بازی کی دعوت ملنے پر سلامی بلے باز جیسن رائے(87)اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس(75)کی نصف سنچریوں کی مدد سے 9 وکٹ پر 302رنوں کابڑااسکورکھڑا کیا تھا ۔پاکستان نے 303رنوں کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تین وکٹ 77رنز پرہی گنوادیاتھالیکن سرفراز اور شعیب ملک(77)نے چوتھے وکٹ کے لیے 163رنوں کی ریکارڈ شراکت کرکے ٹیم کی جیت کی امید جگادی ۔بعد میں محمد رضوان نے ناٹ آؤٹ 34رنوں کی اننگ کھیلی جس سے پاکستان نے 48.2اووروں میں 6وکٹ پر 304رنز بنا کرسیریز کا اختتام جیت سے کیا۔سرفراز اور ملک کی شراکت ان دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے نیا ریکارڈ ہے۔اس سے پہلے کا ریکارڈ پاکستان کے ہی رمیز راجہ اور سلیم ملک کے نام تھا جنہوں نے 1989میں ناگپور میں 122 رن کی شراکت داری نبھائی تھی ۔سرفراز کو مین آف دی میچ اور جو روٹ کو مین آف دی سیریز منتخب کیا گیا۔